اسمارٹ فون کا سیلاب؛ موبائل میوزیم کی سیر کیجئے

ویب سائٹ آڈیٹی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق سلوواکیا کے ایک چھوٹے سے قصبے ڈابسنا سے تعلق رکھنے والے اسٹیفن پالگری ایک ذہین دماغ کے مالک ہیں، 15 سال کی عمر میں ہی انہوں نے نت نئے موبائل فون کے بارے میں ریویوز لکھنا شروع کردیا تھا۔

طویل عرصہ پہلے ہی انہوں نے سلوواکیا میں دستیاب موبائل فونز کا ایک قلیل مجموعہ جمع کر لیا تھا، اس وقت کے برانڈز جن میں نوکیا، ایلکاٹیل، ساگیم،ایرکسن وغیرہ شامل ہیں۔

لیکن دو سال پہلے ہی انہوں نے اپنے مجموعہ کو تیزی کے ساتھ بڑھایا جب چند ہزار یوروز میں کسی شخص سے 1000 موبائل خریدے۔

پالگری تب سے ایسے ماڈلز جو ان کے پاس اب تک موجود نہیں ہیں انہیں جمع کرنے کی تک و دو میں لگے رہتے ہیں ، اور اس وقت وہ 3500 موبائل فونز کے مالک ہیں جن میں سے تقریبا آدھی تعداد استعمال کے قابل ہے۔

اسٹیفن کا کہنا ہے کہ وہ پچلھی دو صدیوں میں آنے والی ٹیکنالوجی کے سحر میں مبتلا رہے ہیں خصوصاَ موبائل فون کے میدان میں۔

نوکیا کے معروف ماڈل 3310 سے لیکر کمپیوٹر کے کیبورڈ کی طرح دکھنے والے موبائل اور پھر اوائل میں آنے والے ٹچ اسکرین موبائل تک کےتقریباً تمام موبائل ہی ان کے پاس موجود ہیں جو کہ یہ بتا رہے ہیں کہ اس قلیل مدت میں ٹیکنالوجی میں کس حد تک جدت آچکی ہے۔

موبائل فون کی تاریخ میں لے جانے کے لیے اسٹیفن پالگری نے اپنے گھر کے ایک حصے کو موبائل فون کا میوزیم بنا رکھا ہے جہاں پر ان کے جمع کیے گئے تمام موبائل فون لکڑی کے شیلف میں انتہائی نفاست کے ساتھ رکھے ہوئے ہیں۔

کوئی بھی اس میوزیم کا وزٹ کر سکتا ہے اور میوزیم کی ویب سائٹ سے دورہ کرنے کا شیڈول لے سکتا ہے۔

سلوواکین بک آ ف ریکارڈ نے حال ہی میں اسٹیفن کی جانب سے جمع شدہ موبائل فون کو ملک میں سب سے بڑا مجموعہ قرار دیا اور انہیں اس کامیابی پر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا جس کے بعد وہ حال ہی میں خبروں کی شہ سرخی بنے رہے۔

اپنے 1231 منفرد موبائل فونز جمع کرنے کے باوجود پالگری دنیا کے سب سے زیادہ موبائل فون رکھنے والے جرمن باشندے کارسٹن ٹیوز سے پیچھے ہیں۔

کارسٹن کے پاس 1536 مختلف ماڈلز کے موبال فون موجود ہیں، کارسٹن کا نام 2010 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا تھا، تاہم یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پالگری صرف اور صرف پرانے موبائل فون جمع کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

موبائل فون کے شوقین اس شخص نے اپنے گھر میں جن برانڈز کو جمع کر کے رکھا ہو ہے ان میں ایلکاٹیل، ساگیم، سیمینز، زیڈ ٹی ای، ایرکسن، سام سمنگ، ٹریئم، نوکیا، پینا سونک، موٹورولا، مٹسوبیشی، سونی ایکرسن اور فلپس شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ان کے میوزیم میں نئے آنے والے برانڈز جیسے ایچ ٹی سی اور بلیک بیری وغیرہ شامل نہیں ہیں۔

اسٹیفن پالگری کے اس شاندار میوزیم ااور موبائل فونز کے بارے میں جاننے کے لیے ان کی ویب سائٹ وزٹ کریں۔

متعلق تعارف اللہ خاوری