مصباح کے اچھے رویے نے پی سی بی کا دل جیت لیا

اسپرٹ آف کرکٹ ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب،5لاکھ روپے بھی ملیں گے۔ فوٹو : فائلاسپرٹ آف کرکٹ ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب،5لاکھ روپے بھی ملیں گے۔ فوٹو : فائل

اسپرٹ آف کرکٹ ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب،5لاکھ روپے بھی ملیں گے۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  مصباح الحق کے اچھے رویے نے پی سی بی کا دل جیت لیا جبکہ ٹیسٹ کپتان اولین امتیاز احمد اسپرٹ آف کرکٹ ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئے تاہم انھیں 5 لاکھ روپے کا انعام بھی دیا جائے گا۔

چند ماہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہرسال امتیاز احمد اسپرٹ آف کرکٹ ٹرافی دینے کا اعلان کیا تھا، کھیل کے حقیقی جذبے سے متاثر کرنے والی ٹیم،پلیئر یا آفیشل کوئی بھی اس کا حقدار ہو سکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پہلے ایوارڈ کیلیے مصباح الحق کا انتخاب کر لیا گیا، انھیں آن و آف دی فیلڈ اچھے رویے اور کارکردگی پر اس اعزاز کا مستحق سمجھا گیا، یہ فیصلہ پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن پروفیسر اعجاز فاروقی کی زیر سربراہی قائم کمیٹی نے کیا، جس کے ارکان آئی سی سی امپائر احسن رضا اور ریفری محمد انیس ہیں، اس کا اجلاس گزشتہ دنوں لاہور میں ہوا تھا، بعد میں کمیٹی نے چیئرمین پی سی بی شہریارخان سے بھی مشاورت کی اور مصباح کے نام پر اتفاق ہو گیا۔

واضح رہے کہ 7 مئی کو لاہور میں بورڈ کی سالانہ جنرل باڈی میٹنگ میں ٹیسٹ کپتان کو ٹرافی اور5 لاکھ روپے کے انعام سے نوازنے کا اعلان متوقع ہے، وہ اس وقت ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز میں مصروف ہوںگے اور واپسی کے بعد ہی اعزاز حاصل کر سکیں گے۔

مصباح اور یونس خان نے 14 مئی کو ختم ہونے والی اس سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے سب سے عمر رسیدہ سابق ٹیسٹ کرکٹر امتیاز احمد گزشتہ سال31دسمبر کو انتقال کر گئے تھے، وہ عبدالحفیظ کاردار کی قیادت میں تشکیل پانے والی پہلی قومی ٹیم کے رکن، قابل بھروسہ وکٹ کیپر اور ایک جارح مزاج بیٹسمین کے طور پر مشہور تھے۔ انھوں نے ویمنز ٹیم کی کوچنگ بھی سنبھالی تھی۔

متعلق صالیحہ ناصر