بھارتی جاسوس کلبھوشن کا کیس ٗ عالمی عدالت آج فیصلہ سنائے گی

عدالت نے گزشتہ روز بھارتی اور پاکستانی حکام کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیاتھا جو کہ آج پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3بجے سنایا جائیگا
دی ہیگ(نیوز ایجنسی)یورپی ملک نیدر لینڈ کے شہر دی ہیگ میں قائم عالمی عدالت انصاف میں بھارتی نیوی کے سابق اہلکاراور جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے کا فیصلہ آج پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر3بجے سنایا جائے گا۔ پیر کو ہونے والی سماعت میں عدالت نے انڈین اور پاکستانی حکام کے دلائل سنے جہاں پاکستان کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے بیرسٹر خاور قریشی نے کہا کہ ویانا کنونشن کے تحت عالمی عدالت انصاف کا دائرہ اختیار محدود ہے اور کلبھوشن کا معاملہ عالمی عدالت میں نہیں لایا جاسکتا۔ یادرہے کہ مارچ2016ء میں کلبھوشن کی گرفتاری کے بعد پاکستان کی جانب سے ایک ویڈیو بیان میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا تھا جس میں وہ یہ اعتراف کرتا دکھائی دیا کہ وہ انڈین بحریہ کا حاضر سروس افسر ہے اور وہ انڈیا کی خفیہ ایجنسی کیلئے کام کررہا تھا۔ انڈیا نے عالمی عدالت انصاف سے اس معاملے میں مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ یادیو کی پھانسی کے خلاف اپیل کرنے کیلئے بہت کم وقت ہے اور پاکستان میں اس سلسلے میں تمام امکانات پر غور کرنے کیلئے وقت نہیں ہے۔ پاکستان کے وکیل نے کہا کہ انڈیا کے دلائل میں تضاد ہے اور وہ غلط بیانی سے کام لے رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کلبھوشن جاسوس ہے اور قونصلر رسائی کا حق نہیںرکھتا۔

متعلق امتیاز کاظمی