افغانستان ‘ سرکاری ٹی وی اسٹیشن پر حملہ 10 ہلاک

جلال آباد میں قائم عمارت میں 4 افراد نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی 2 حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا
سیکورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان 4 گھنٹے تک مقابلہ باقی دونوں دہشتگرد بھی مارے گئے
کابل(آئی این پی) افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں سرکاری ٹی وی پر حملے کے نتیجے میں2پولیس افسران سمیت10افراد ہلاک اور 18زخمی ہوگئے۔ مارے جانے والوں میں ٹی وی چینلز کے4ملازمین بھی شامل ہیں۔ افغان حکومت کے ترجمان کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد کم از کم4تھی جو عمارت کے اندر داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ بعدازاں 2حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ بتایا گیا ہے کہ2حملہ آوروں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان4گھنٹے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ واقعے کے بعدسیکورٹی فورسز نے ٹی وی اسٹیشن اور اس سے متصل علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں4حملہ آوروں کو مار گرایاگیا۔

متعلق امتیاز کاظمی