عامر خان اور ان کی اہلیہ سوائن فلو میں مبتلا ہوگئے

آج ہونے والی فلاحی ادارے کی تقریب میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گے
ایک ہفتے تک گھر سے باہر نہ نکلنے کا فیصلہ کیا ہے، اداکارکا وڈیو بیان
ممبئی (نیٹ نیوز) بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن رائو سوائن فلو میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ اس خبر کی تصدیق عامر خان نے خود ایک ویڈیو بیان میں کی۔ انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں شخصیات نے آج ایک فلاحی ادارے پانی فائونڈیشن کی تقریب میں شرکت کرنا تھی لیکن بیماری کی وجہ سے وہ اس میں شرکت نہ کرسکے۔ اس سے قبل سینئر جرنلسٹ انوپما چوپڑہ نے خبر دی تھی کہ عامر اور کرن سوائن فلو میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ پانی فائونڈیشن کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کرتے ہوئے عامر خان نے خود ان خبروں کی تصدیق کی۔ عامر خان نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ سوائن فلو جیسی وائرل بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ اس بیماری کا وائرس بہت جلدی سے پھیلتا ہے اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ دوسرے لوگوں کی حفاظت کے لیے تقریب میں شرکت نہ کی جائے۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹوں کے ذریعے ہمارے خون میں سوائن فلو کی تصدیق ہو گئی ہے۔ میں نے اور کرن رائو نے آئندہ ایک ہفتے تک گھر سے باہر نہ نکلنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہمارے وائرس سے کوئی متاثر نہ ہوجائے۔

متعلق شازیہ عندلیب