مویشی منڈی جانیوالے 20مقامات ڈاکوؤں کی آماجگاہ سیکورٹی پلان تیار

جرائم پیشہ عناصر منڈی کے قریبی علاقوں سے گزرنے والے افراد کو لوٹ لیتے ہیں،پارک کی گئی گاڑیوں سے بھی سامان چوری کرلیا جاتا ہے
مویشی منڈی کی سیکورٹی کیلئے 200 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے،کمپلین سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے،ایس ایس پی ضلع ملیر
کراچی( کرائم ڈیسک) عید الاضحی کے حوالے سے سپر ہائی وے پر لگنے والی مویشی منڈی کا سیکورٹی پلان تیار‘ اسپیشل برانچ پولیس نے اپنی رپورٹ میں مویشی منڈی کے اطراف میں 20 مقامات کو ڈاکوؤں کی آماجگاہ قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کے حوالے سے سپر ہائی وے پر لگائی جانیوالی ایشیاء کی سب سے بری مویشی منڈی کا آغاز ایک ماہ قبل ہی ہوگیا اس ساری صورتحال کو دیکھتے ہوئے لوٹ مار کرنیوالے گروہ بھی سرگرم ہوگئے ہیں اور جرائم پیشہ افراد نے ان علاقوں سے گزرنے والے افراد خاص کر اندھیرے میں اس روٹ سے گزرنیوالے افراد سے لوٹ مار کا سلسلہ شروع کردیاہے اس کے ساتھ ساتھ منڈی کے قریب پارک کی گئی گاڑیوں سے بھی کار ٹیپ سمیت دیگر سامان کے چوری ہونے کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جن علاقوں میں گلشن معمار موڑ‘ چاکر ہوٹل‘ نیو سبزی منڈی تک لنک روڈ‘ ایوب گوٹھ‘ شاد باغ موڑ‘ جمالی گوٹھ‘ مچھر کالونی اور گنا منڈی کے سامنے واقع لنک روڈ ‘ گولیمار سوسائٹی‘ کنیز فاطمہ سوسائٹی‘ یونیورسٹی روڈ‘ مدارس چوک‘ اسپارکو روڈ‘ چیپل سن سٹی‘ مدینہ کالونی‘سپر ہائی وے‘ ریتی بجری ٹرک اسٹینڈ اور دیگر شامل ہیں۔ دریں اثناء سیکورٹی پلان میں مویشی منڈی جانے والے جن راستوں کو حساس دکھایا گیا ہے ان راستوں پر تاحال پولیس کی کوئی پکٹ نہیں لگائی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی ضلع ملیر نے بتایا کہ تقریباً 200 اہلکاروں کو مویشی منڈی کی سیکورٹی کیلئے تعینات کیا گیا ہے جو کہ شفٹوں میں کام کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک کمپلیکس سینٹر مویشی منڈی کے آغاز سے ہی قائم کردیاگیا ہے جس میں ہر وقت ایک ڈیوٹی افسر موجود رہتا ہے جو لوگوں کی شکایات موصول کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اور ٹریفک کی روانی کیلئے ٹریفک پولیس کے ساتھ ساتھ موٹر وے پولیس کے ساتھ بھی پلاننگ کرلی گئی ہے‘ گاڑیوں سے ٹیپ اور دیگر سامان چوری ہونے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے بنائی گئی پارکنگ کی جگہوں پر ہی گاڑیاں پارک کریں پارکنگ کے پیسوں سے بچنے کیلئے لوگ اپنی گاڑیاں سنسان جگہوں پر کھڑی کرتے ہیں جس سے ان کے ساتھ چوری کے واقعات پیش آتے ہیں اور لوگوں کی جانب سے ڈاکوؤں کی لوٹ مار کے واقعات سے نمٹنے کیلئے بھی حکمت عملی بنالی گئی ہے اور پہلے مرحلے میں مویشی منڈی کی طرف آنیوالے تمام لنک روڈوں پر لگی جھاڑیوں کو صاف کروادیاگیا ہے۔

متعلق ناصر عباس