آباد انٹرنیشنل ایکسپو کا افتتاح کل ہوگا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وزیراعلیٰ مراد علی شاہ مہمان خصوصی ہونگے

3روزہ تعمیراتی عالمی شو میں مقامی اور 23 ممالک کی 155کمپنیاں ہزاروں تعمیراتی مصنوعات ٹیکنالوجیز پیش کریں گی
میگا ایونٹ میں 5لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے،اتوار کو آباد کے زیر اہتمام ایک سیمینار بھی ہوگا،تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد شریک ہونگے
کراچی (کامرس رپورٹر) آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2017ء ہفتہ سے ایکسپو سینٹر کراچی میں شروع ہوگی۔ تین روزہ نمائش کا افتتاح وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کریں گے۔ تعمیرات کے اس عالمی شو میں مقامی اور 23 ممالک کی 155 کمپنیاں ہزاروں تعمیراتی مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور جدید کنسٹرکشن مشینریز پیش کریں گی جن میں کنسٹرکشن ٹولز، میٹل، اسٹیل، کنکریٹ، سیمنٹ، کنسٹرکشن مشینریز و ایکوئپمنٹس، بلڈنگ انفارمیشن، ماڈلنگ، اسمارٹ بلڈنگ، آٹومشین، کچن، باتھ رومز، فلورنگ، سیلنگ، لائٹنگ اور دیگر شامل ہیں۔ میگاایونٹ میں 5 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے جن میں پاکستان سمیت پوری دنیا سے آرکیٹیکٹس، سول انجینئرز، ڈیزائنرز، ڈیولپرز، بلڈرز، کنٹریکٹرز، پراپرٹی منیجر اور تعمیراتی ایسوسی ایشنوں کے نامور ممبران شامل ہیں۔ آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2017ء تعمیراتی آرگنائزیشنوں کو ممکنہ خریداروں سے جوڑنے کے ساتھ نمائش کے شرکاء کا تعمیرات کے نمایاں ماہرین کی مہارتوں و تجربات سے مستفید ہونے کا ذریعہ بھی ہے۔ علاوہ ازیں یہ شو نمائش کنندگان اور شرکاء کو اپنے خیالات کا تبادلہ کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔ آباد ایکسپو کے دوران 13 اگست کو ایک سیمینار بھی منعقد کیا جائے گا۔

متعلق ناصر عباس