امریکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع پا رہے ہیں، اعزاز چوہدری

واشنگٹن : امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان کا شمار ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ہو رہا ہے اور اب امریکی سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی لے رہے ہیں.

ان خیالات کا اظہار انہوں امریکا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اعزاز چوہدری نے کہا کہ امریکا سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو مربوط معاشی سرگرمیوں کے بندھن میں بندھ چکی ہے اور دونوں ممالک کو قریب لانے کا سبب بنی ہے.

اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت سمت میں گامزن ہیں اور اب غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پراعتماد تیزی سے بحال ہوا ہے جس کا ثبوت پاکستان میں ہونے والی معاشی سرگرمیوں سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے.

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا حامی ہے جس کے لیے ہمارے نزدیک بہترین حل مذاکرات ہے اور اس سلسلے میں پاکستان اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتا رہے گا کیوں کہ پر امن افغانستان سب سے زیادہ پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے.

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خارجہ کا دورہ امریکا ہو یا آرمی چیف کا دورہ افغانستان ہو، یہ تمام کاوشیں خطے میں دیرپا قیام امن کے لیے ہیں اور دہشت گردی کی سرکوبی کے لیے ہے جس کے لیے پاکستانی قوم اور افواج نے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں.


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Print Friendly, PDF  Email

متعلق نامہ نگار