حلقۂ اربابِ ذوق لاہور کا ہفتہ وار اجلاس پاک ٹی ہاؤس میں منعقد

2 days ago
0

حلقۂ اربابِ ذوق، لاہور کا ہفتہ وار اجلاس اتوار پانچ نومبر کی شام پاک ٹی ہاؤس میں منعقد ہوا جس کی صدارت محترمہ سلمیٰ اعوان نے کی۔ حلقہ کے جوائنٹ سیکرٹری عقیل اختر نے گزشتہ اجلاس کی کاروائی پڑھ کر سنائی جس کے بعد مہمان شاعرہ محترمہ ناصرہ زبیری کی فلائیٹ کی وجہ سے سب سے پہلے انہیں سنا گیا اور اس کے بعد حلقہ کی باقاعدہ کاروائی کا آغاز کیا گیا ، محترمہ فرحت زاہد نے سب سے پہلے اپنی غزل تنقید کے لئے پیش کی صدرِ مجلس کے حکم پر سب سے پہلے خاکسار نے غزل پر اپنی رائے دی جس کے بعد احباب نے اس غزل پرسیر حاصل گفتگو کی مجموعی طور پر غزل کی موسیقیت اور اس میں موجود ناسٹیلجیا کو پسند کیا گیا۔اس کے بعد محترمہ نیلم احمد بشیر نے اپنی تحریر تنقید کے لئے پیش کی ، کافی طویل تحریر تھی جسے احباب نے ذوق و شوق اور صبرسےسنا اور اس پر گفتگو بھی کی جناب حسین مجروح نے اس تحریر پر عمدہ گفتگو کی۔ نیلم صاحبہ کے بعد ڈاکٹر دانش عزیزنے اپنی نثری تجرباتی نظم (مہیج) تنقید کے لئے پیش کی بھائی صغیر احمد صغیر نے سب سے پہلے اس نظم کی پرتیں کھولیں تو گفتگو کا آغاز ہوا اور احباب نے کھل کر اس نظم پر اپنی رائے پیش کی ۔ اجلاس کے اختتام پر چند مہمان شعرا کو سنا گیا جن میں محترم علی ارمان،محترم نوید انور،محترم ریاض ندیم نیازی اور نعیم رضابھٹّی شامل تھے۔ حلقۂ اربابِ ذوق کے سیکرٹری جناب غلام حسین ساجد اور جوائینٹ سیکرٹری جناب عقیل اختر مبارک باد کے مستحق ہیں جو اپنی محنت اور لگن سے ہر اتوار کو بھرپور اجلاس منعقد کرتے ہیں اور حاضرین کی کثیر تعداد اُس میں شرکت بھی کرتی ہے۔


2017-11-10

متعلق ویب ڈیسک