جناب تابش الوری کے اعزاز میں ایک خوبصورت محفلِ مشاعرہ کا اہتمام

2 days ago
0

عہدِ رواں میں گھروں پر شعری نشستوں کے انعقاد کی معدوم ہوتی ہوئی صورتحال میں جناب باقی احمد پوری اس قدیم روائت کو آج بھی زندہ رکھے ہوئے ہیں اور اپنی رہائش گاہ پر ادبی تنظیم شہرِ ادب کے زیر اہتمام شاندار شعری محافل منعقد کرتے رہتے ہیں۔ آج انہوں نے جناب تابش الوری کے اعزاز میں ایک خوبصورت محفلِ مشاعرہ کا اہتمام کیا جس میں بہت عمدہ شعرا نے شرکت کی ۔ تقریب کی صدارت جناب تابش الوری نے کی اور مہمانِ خصوصی جناب اعجاز کنور راجہ تھے۔تقریب کے میزبان جناب باقی احمد پوری تھے سو نظامت کے فرائض بھی انہوں نے ہی سر انجام دئیے ۔اس محفل مشاعرہ میں  جناب سعید الظفر صدیقی، جناب حسین مجروح ، جناب غلام حسین ساجد، جناب جبار واصف ، جناب شفیق احمد خان، جناب طارق چغتائی ، جناب اعجاز منظور عادل ،جناب آفتاب خان ، جناب فرخ محمود ، جناب سہیل ثانی اور راقم الحروف وسیم عباس نے شرکت کی۔جناب جبار واصف اور جناب حسین مجروح کی آمد نے محفل کو نیا رنگ بخشا ۔بہت کم شعری محافل ایسی ہوتی ہیں جہاں اتنے اچھے اشعار سننے کو ملتے ہوں آج اس محفل میں بھی بہت شاندار اشعار سننے کو ملے جن کا سحر ابھی تک طاری ہے ، مشاعرہ کے بعد باقی صاحب نے کھانے کا بھی اہتمام کر رکھا تھا کھانے کے بعد چائے اور گپ شپ کا دور چلا جس میں جناب غلام حسین ساجد، جناب اعجاز کنور راجہ اور جناب حسین مجروح کے ادبی لطائف نے خوب رنگ جمایا ، باقی احمد پوری صاحب اور شہرِ ادب دونوں مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے اتنی اچھی محفل سجائی۔


2017-11-10

متعلق ویب ڈیسک