بھارتی ایئرہوسٹس لاکھوں ڈالر اسمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

کرنسی اسمگلنگ میں دیگر کئی ایئر ہوسٹس کے بھی ملوث ہونے کا انکشاف، فوٹو:فائل

نئی دہلی: بھارتی فضائی کمپنی کی ایئرہوسٹس لاکھوں ڈالر بیرون ملک اسمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  جیٹ ایئرلائن نامی  فضائی کمپنی  کی بیرون ملک جانے والی پرواز میں  ڈائریکٹر ریونیو انٹیلی جنس نے کارروائی کرتے ہوئے  ایئرہوسٹس کے قبضے سے ڈالرز سے بھرا بیگ قبضے میں لے کر اسے گرفتار کرلیا۔

انٹیلی جنس  حکام نے ڈالرز کی گڈیاں برآمد کر کے اسے میڈیا کے سامنے پیش کر کے بتایا کہ تقریبا 5 لاکھ ڈالرز اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے جس کی بھارتی کرنسی میں مالیت 3 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: بدسلوکی کرنے والا ملزم بھارتی ایئرہوسٹس کے پاؤں پڑگیا

ملزمہ نے اسمگلنگ کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک ایجنٹ کے لیے کام کررہی تھیں جو بیرون ملک غیر قانونی طور پر پیسے بھیجنے کے لیے اسے استعمال کرتا تھا اور کام کے عوض اسے معقول معاوضہ دیتا تھا۔ اسمگلنگ کا بھید کھلنے پر ملزمہ نے دیگر رازوں سے بھی پردہ اٹھادیا اور بتایا کہ اس مکروہ دھندے میں وہ اکیلی نہیں بلکہ ایسی کئی اور ایئرہوسٹس بھی ملوث ہیں جو اسمگلنگ کررہی ہیں۔

انٹیلی جنس حکام نے  فضائی میزبان کو گرفتار کرکے اسے مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جب کہ واقعہ کے بعد ایئرپورٹس پر نگرانی کا عمل مزید سخت کردیا گیا ہے۔

متعلق قمر یوسف زئی

قمر المنیر یوسف زئی انیس سو نوے سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں۔ مردان سے تعلق رکھنے والے قمریوسف زئی 2006 میں‌پیشہ وارانہ فرائض‌کی انجام دہی کے سلسلے میں‌افغانستان میں‌جیل میں‌بھی رہے۔ بین الاقوامی امور میں‌اعلیٰ‌تعلیم یافتہ قمر یوسف زئی نارویجن ٹی وی کے ساتھ ساتھ کوئٹہ، پشاور اور اسلام آباد کے ممتاز اخبارات سے وابستہ رہے۔ قمر یوسف زئی القمرآن لائن سے بحیثیت مینیجنگ ایڈیٹر وابستہ ہیں