فاروق ستار ٗ عامر خان گروپ کے کاغذات نامزدگی منظور

ایم کیو ایم کے احمد چنائے ٗ تحریک انصاف کے نجیب ہارون کی اہلیت کا فیصلہ آج سنایا جائے گا
پی ایس پی کی صوفیہ سعید ایم کیو ایم کے عامر چشتی ٗ حسان صابر ایڈوکیٹ سمیت 3امیدوار نااہل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے فاروق ستار،عامرخان گروپ ،پاک سرزمین پارٹی ، مسلم لیگ نون ، فنکشنل مسلم لیگ کے بارہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظورکرلیے گئے،ایم کیو ایم کے عامر چشتی،پی ایس پی کی صوفیہ سعید، حسان صابر ایڈووکیٹ سمیت تین امیدوارسینیٹ الیکشن کے لیے نااہل ہوگئے، ایم کیو ایم کے احمد چنائے،تحریک انصاف کے نجیب ہارون کی اہلیت کا فیصلہ کل تک ملتوی کردیا گیا۔الیکشن کمیشن سندھ میں سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ آج اتوارکودوسرے روزبھی جاری رہا ڈاکٹرفاروق ستارکے جاری کردہ ٹکٹ پرایم کیوایم پاکستان کے نامزد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوئی الیکشن کمشنرسندھ یوسف خٹک نے جانچ پڑتال کے بعد جنرل نشست کے لیے امیدوار کامران ٹیسوری، علی رضا عابدی، حسن فیروز اور خواتین کی مخصوص نشست پر ڈاکٹرنگہت اورمنگلا شرما کے کاغذات نامزدگی منظورکرلیے جبکہ اسی گروپ کے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیدوار احمد چنائے کے کاغذات پر کارروائی کل تک روکتے ہوئے انہیں نااہلی سے بچنے کے لے پیرکو ایچ ایس سی کا تصدیق شدہ ایکولینس ڈگری سر ٹیفیکٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کے ٹکٹ پرنامزد امیدواروں فروغ نسیم، عبد القادر خانزادہ، امین الحق کے کاغذات نامزدگی منظورکرلیے گئے جبکہ اسی گروپ کے عامرچشتی کے کاغذات نامزدگی مالیاتی اداروں کے مقروض ہونے کی وجہ سے مسترد کرتے ہوئے انہیں سینیٹ انتخابات کے لیے نااہل قراردے دیا گیا جبکہ خواتین کی مخصوص نششت کے لیے نسرین جلیل کے کاغذات نامزدگی منظورکرلیے گئے۔پاک سرزمین پارٹی کے چار امیدواروں ڈاکٹر صغیر، مبشر امام ، انیس احمد ایڈووکیٹ دیگر مسلم لیگ نون کے امیدواربابوسرفرازجتوئی فنکشنل مسلم لیگ کے امیدوارسید مظفرحسین شاہ اورایک آزاد امیدوارآصف خان کے کاغذات نامزدگی بھی منظورکرلیے گئے۔

متعلق سرفرازاحمد عباسی