ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مقبوضہ کشمیر میں سرکاری سطح پر کھیلوں کی سرگرمیاں معطل

سری نگر،4اکتوبر(ساؤتھ ایشین وائر):مقبوضہ کشمیر میں غیر یقینی صورتحال کے باعث جہاں گزشتہ دو ماہ سے تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں وہیں سرکاری سطح پر کھیلوں کی سرگرمیاں بھی مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں۔ وادی کے شہروں اوردیہات میں اگرچہ نوجوانوں کو ذہنی بیماریوں سے بچنے اور وقت گزارنے کے لئے مختلف کھیلوں میں مصروف دیکھا جارہا ہے لیکن سرکاری سطح پر شروع کی گئی تمام تر سرگرمیاں بالکل معطل ہیں۔ نیوز ایجنسی ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق اس سال کشمیر کی انتظامیہ نے امسال وادی میں بڑے پیمانے سپورٹس ایونٹس کا انعقاد شروع کیا تھا جن میں اسکول کے بچوں سے لے کر کالجوں کے طلباء شرکت کررہے تھے۔ اس کے علاوہ درجنوں غیر سرکاری اداروں کی طرف سے بھی مختلف کھیلوں کے مقابلے شروع کئے گئے تھے۔
سری نگر میں ایک ہائر اسکینڈری اسکول میں تعینات فزیکل ایجوکیشن ٹیچر شبیر حیدرنے ساؤتھ ایشین وائر کو بتایا کہ تعلیم اور کھیل کے محکموں کی طرف سے رواں برس بڑے پیمانے پر مختلف سپورٹس ایونٹس شروع کئے گئے تھے لیکن پانچ اگست سے وہ تمام معطل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم نے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اور سٹیٹ سپورٹس کونسل کے اشتراک سے وادی بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں مختلف کھیلوں کے ایونٹس کا آغاز کیا تھا جن میں کرکٹ، والی بال، ہاکی، فٹ بال، کھو کھو وغیرہ شامل ہیںاور ان میں ہزاروں بچے شرکت کررہے تھے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھار بھی رہے تھے لیکن پانچ اگست سے یہ تمام سرگرمیاں مسلسل بند ہیں۔
محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے ایک عہدیدار نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ س سال نہ صرف بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی ہے بلکہ مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں بھی مفلوج ہوگئیں جس سے بچوں کے کیریئر پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
نویں جماعت کے ایک طالب علم زاہد احمد نے ساؤتھ ایشین وائر کو بتایا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں بند ہونے سے میری امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ ہر سال کی طرح امسال بھی اسکول سطح پر مختلف ایونٹس شروع ہوئے تھے اورمیں کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کررہا تھا۔
طلباء نے ساؤتھ ایشین وائر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب اگرچہ ہم وقت گذاری اور ذہنی بیماریوں سے بچنے کے لئے روزانہ کرکٹ، والی بال، فٹ بال، ہاکی یا گلی ڈنڈا کھیلتے ہیں لیکن سرکاری سطح پر اس طرح کے ایونٹس میں شرکت نہیں کرپارہے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں